ننکانہ : 5 مبینہ پولیس مقابلے، 8 ملزم ہلاک، 10 فرار
مرنیوالوں میں ذوالفقار، ساجد، فیضان، افضل، ذاکر ، منظور، دلاور ،1نامعلوم شامل قصور میں بھی 1 ڈاکو ریاست مارا گیا،ملزموں کی لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل
ننکانہ صاحب، واربرٹن، قصور(صباح نیوز، نامہ نگار، نمائندہ دنیا)ننکانہ صاحب میں 5مبینہ پولیس مقابلوں میں 8ملزم ہلاک، 10فرار ہوگئے ۔ قصور میں بھی مبینہ مقابلہ ہوا جس میں 1ڈاکو مارا گیا۔ ننکانہ صاحب میں مبینہ مقابلے تھانہ منڈی فیض آباد، تھانہ بڑا گھر اور تھانہ واربرٹن کی حدود میں پیش آئے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ رات تھانہ منڈی فیض آباد کے علاقے ناظر پکا کے قریب سی سی ڈی پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سوار ملزموں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ میں ذوالفقار سکنہ لاہور اور ساجد سکنہ مریدکے ہلاک ہوئے جو بالترتیب 61 اور 52 مقدمات میں ڈکیتی ورہزنی سمیت سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہوگئے ۔دوسرا مقابلہ کالونی نہر کے قریب تھانہ منڈی فیض آباد میں پیش آیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم فیضان باکسر سکنہ لاہور بھی اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے ۔تیسرا مبینہ مقابلہ تھانہ بڑا گھر کی حدود موٹر وے پل کے قریب پیش آیا، جس میں سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلے کے دوران2 ڈاکو ہلاک جبکہ تین فرار ہو گئے ۔ ہلاک ملزموں کی شناخت افضل سائیں سکنہ جڑانوالہ اور ذاکر سکنہ کوٹ رحمت بچیکی کے نام سے ہوئی، جو بالترتیب 23 اور 18 مقدمات میں مطلوب تھے ۔
پولیس کے مطابق یہ دونوں ملزم بھی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بنے ۔چوتھا مبینہ مقابلہ تھانہ واربرٹن کی حدود میں کنجری والا باغ کے قریب پیش آیا جہاں ڈکیتی کی واردات کے دوران پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں منظور عرف جوری اور دلاور عباس ہلاک جبکہ دو ساتھی فرار ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزم ڈکیتی اور راہزنی سمیت 50 سے زائد مقدمات میں مطلوب اور اشتہاری مجرم تھے ۔قبل ازیں ایک رات پہلے تھانہ بڑا گھر کی حدود میں گاؤں 6 چک کے قریب نائٹ پیٹرولنگ کے دوران پولیس تھانہ بڑاگھر کے ساتھ مبینہ مقابلہ میں ایک ملزم اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک اور دوسرا فرار ہو گیا۔
ہلاک ملزم کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی، لاشیں پوسٹمارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردی گئیں ۔پولیس ترجمان کے مطابق قصور کے نواحی علاقہ بہادر پورہ میں سی سی ڈی سب انسپکٹر روشن بھیلہ نے روہی نالہ بہادر پورہ کے نزدیک دوران گشت موٹرسائیکل سواردو افراد کو مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد ایک ڈاکو زخمی حالت میں ملاجسکی شناخت بسم اﷲشیلر الہ آباد کے رہائشی ریاست کے نام سے ہوئی۔ اسے بابابلھے شاہ ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور منتقل کیاگیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ گیا،ہلاک ڈاکو کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔