سوئی سے علاج کیلئے سکھر آتے ہوئے راستے میں 2 افراد قتل
مزاری، بگٹی دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ، بالاچ، خمیسو بگٹی تماچانی میں نشانہ بنے دشمنیاں نسلوں تک چلنے نہیں دینگے ، وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، تحقیقات کا حکم
سکھر، کراچی (بیورو رپورٹ، آن لائن)سوئی سے علاج کیلئے سکھر آتے ہوئے 2 افراد راستے میں قتل کردئیے گئے ، واقعہ کا وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ سکھر کے قریب تماچانی تھانے کی حدود فراش موڑ کے علاقے میں علاج کے لیے سوئی سے آنے والے افراد کی کرولا کار پر کار سوار مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے 2 افراد بالاچ بگٹی اور خمیسو بگٹی ہلاک ہوئے ، پولیس کے مطابق مزاری اور بگٹی برادری میں دیرینہ دشمنی پر واقعہ پیش آیا، مقتولین کا تعلق بلوچستان کے علاقے سوئی سے تھا، جو عمر حیات بگٹی کے علاج کے لیے سکھر آ رہے تھے ۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ فائرنگ میں قیمتی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے ، ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہارکیا ۔ مرادعلی شاہ نے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں، ریاست خاموش تماشائی نہیں بنے گی، دشمنیاں نسلوں تک نہیں چلنے دیں گے ، قانون سب سے بالاتر ہے ۔