ننکانہ صاحب :دو ٹریفک حادثات میں 4 افراد زخمی
کار الٹنے سے ثاقب، گدھا ریڑھی سے ٹکرا کر 3موٹرسا ئیکل سوارزخمی ہوئے
ننکانہ صاحب (خبر نگار)دو ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے ۔ شاہ کوٹ روڈ پر پیڑے والی سٹاپ کے قریب تیز رفتار کار بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 22 سالہ محمد ثاقب زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
دوسرا حادثہ تھانہ منڈی فیض آباد کے علاقہ کھوہ ٹبہ کے قریب پیش آیا جہاں پنڈ تھابل کا رہائشی حسنین اپنے کزنز علی آزاد اور کرن شہزاد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ رات کی تاریکی میں سڑک کے درمیان کھڑی گدھا ریڑھی سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں تینوں موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچا۔