لاہور،ننکانہ میں ایف آئی اے کی کارروائیاں، 5 ملزم گرفتار
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)ایف آئی اے لاہور زون نے مختلف کارروائیوں کے دوران انسانی سمگلنگ،حوالہ ہنڈی، منی لانڈرنگ اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث پانچ ملزموں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزموں میں اسد علی زلفی، سکندر بھٹی،ملک حیدر اقبال، محمد سہیل اور محمد اعجاز شامل ہیں جنہیں لاہور اور ننکانہ صاحب میں مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران حراست میں لیا گیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم اسد علی زلفی نے شہری کو جرمنی میں ملازمت کا ویزا دلوانے کا جھانسہ دے کر 20 لاکھ68 ہزار روپے ہتھیائے ۔ملزم سکندر بھٹی منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث پایا گیا۔ملزم ملک حیدر اقبال، محمد سہیل اور محمد اعجاز کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے ۔ ملزموں کے قبضے سے معروف رجسٹرڈ کمپنیوں کی بھاری مقدار میں جعلی مصنوعات برآمد کی گئیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم جعلی مصنوعات کا ذخیرہ رکھنے اور فروخت کرنے میں ملوث تھے۔