فاطمہ جناح میڈیکل کالج میں طالبہ کی چھت سے کودکر خودکشی
22سالہ فریحہ فائنل ایئر کی طالبہ،لاہور میں والد کیساتھ رہائش پذیر تھی، والد کی ریٹائرمنٹ ،کشمیر منتقلی پر ڈپریشن میں چلی گئی یک پیپر دے چکی، جمعہ کو دوسرا پیپرتھا، تیسری منزل سے چھلانگ لگائی،چہل قدمی کرتے سرچکرایا:انتظامیہ، امتحانات ملتوی
لاہور(کرائم رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،دنیا نیوز)صوبائی دارالحکومت کے فاطمہ جناح میڈیکل کالج میں طالبہ نے چھت سے کود کر خودکشی کرلی۔ڈاکٹر کے مطابق متاثرہ لڑکی کی شناخت 22سالہ فریحہ کے نام سے ہوئی ہے جس کے فائنل ایئر کے پیپر ہو رہے تھے ، طالبہ دماغ میں چوٹ لگنے کے باعث جانبر نہ ہو سکی۔ابتدائی معلومات میں بتایا گیا کہ طالبہ چھ ماہ سے کافی زیادہ ڈپریشن کا شکار رہتی تھی، اُس کا فائنل ایئر کا دوسرا پیپر جمعہ کے روز 19فروری کو ہونا ہے ، ایک پیپر ہو چکا ہے اور دوسرے پیپر کی تیاری کر رہی تھی۔ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ فریحہ کشمیر کی رہائشی تھی اِس سے قبل والد کے ساتھ لاہور میں رہائش پذیر تھی، والد کی ریٹائرمنٹ اور کشمیر منتقلی پر ڈپریشن میں چلی گئی۔دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ 7بج کر 55منٹ پر ون فائیو کی کال ہوئی کہ لڑکی نے تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکی جب کہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔
ادھر کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طالبہ تیسری منزل پر چہل قدمی کر رہی تھی،اس کا سر چکرایا اور نیچے آ گری۔رجسٹرار فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ واقعہ کی وجوہات اور حالات کا مکمل جائزہ لیا جائے گا،متعلقہ اداروں کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے ۔دوسری جانب فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے تمام امتحانات فوری طور پر ملتوی کر دئیے گئے ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق تھیوری اور پریکٹیکل امتحانات اگلے نوٹس تک مؤخر رہیں گے ، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔