گوجرانوالہ:منشیات فروشی میں ملوث6 پولیس افسر واہلکارگرفتار

 گوجرانوالہ:منشیات فروشی میں ملوث6 پولیس افسر واہلکارگرفتار

سب انسپکٹر شمیم ، اے ایس آئی آصف، کانسٹیبل عمران، شاہد ،ثقلین، یاسین شامل مقابلے میں ہلاک منشیات ڈان ساجدعرف ساجو خان کی پشت پناہی کے الزامات

گوجرانوالہ، وزیر آ باد (کرائم رپورٹر، نمائندگان دنیا )منشیات سمگلر ساجد خان عرف ساجو سے روابط ، پشت پناہی ،محکمانہ معلومات لیک کرنے اور منشیات فروشی میں ملوث6پو لیس افسروں اور اہلکاروں کو گرفتارکر لیا گیا ۔ترجمان کے مطابق شواہد سامنے آنے پر فوری مقدمات درج کر کے گرفتاریاں کی گئیں۔گرفتار ہونے والوں میں ایس آئی شمیم احمد، اے ایس آئی محمد آصف، کانسٹیبل عمران، شاہد عدنان،ثقلین اور یاسین شامل ہیں۔سب انسپکٹر شمیم چیمہ راہوالی محلہ شریف فارم گلی رب راکھا والی کا رہائشی ہے ، پولیس مقابلہ میں مارے جانے والے ساجدخان عرف ساجو کے ساتھ ملکر منشیات فروشی کا 4سال سے مکروہ کاروبار اور پولیس کی نقل و حرکت اورچھاپوں کی معلومات فراہم کر رہا تھا ،ایس ایچ او کینٹ زبیر سیال نے ٹیم کیساتھ کارروائی کی ، ملزم کی الماری سے 1600 گرام چرس برآ مد کر لی گئی۔

تھانہ صدر وزیر آباد پولیس نے کانسٹیبل شاہد عدنان کو گرفتار کر کے 2760 گرام چرس ، کانسٹیبل یاسین کو گرفتار کر کے 2520 گرام چرس برآمد  کر لی۔ تھانہ گکھڑمنڈی پولیس نے کانسٹیبل عمران ساہی کو گرفتار کر کے 2280 گرام چرس برآمد کر لی۔ تھانہ علی پورچٹھہ پولیس نے ساجو خان سے روابط پر کانسٹیبل ثقلین کو حراست میں لیکر 2500 گرام چرس برآمد کر لی ۔پولیس ذرائع کے مطابق چند روز قبل مقابلے میں ہلاک ساجو خان کے موبائل فون سے حاصل ڈیٹاکے تحت پولیس ملازمین کیخلاف کا رروائی کی گئی ۔سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا ہے کہ محکمہ میں خود احتسابی کا عمل جاری رہے گا اور جرائم یا منشیات فروشوں کی سہولت کاری میں ملوث کسی بھی ملازم کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں