19 کروڑ ڈکیتی کے ملزم کی ہلاکت :رقم برآمد نہ ہو سکی
کروڑوں روپے کی لوٹی رقم کہاں گئی ؟،وزیراعلیٰ کا واردات پر اظہار برہمی
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور کے علاقے گجومتہ میں ایک روز قبل مبینہ پولیس مقابلے میں ڈیفنس اے کی 19 کروڑ کی ڈکیتی کے مرکزی ملزم کی ہلاکت کے باوجود کروڑوں روپے کی لوٹی گئی رقم برآمد نہ کی جا سکی ،جس نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ،دیکھنا یہ ہے کہ کروڑوں روپے کی لوٹی گئی رقم کہاں گئی اور باقی ملزمان کب تک قانون کی گرفت میں آتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گجومتہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او کاہنہ عامر شہزاد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے ،ایف آئی آر کے مطابق مشکوک سفید گاڑی میں سوار ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔
جوابی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گیا۔ زخمی ملزم نے مرنے سے قبل اپنا نام زارے خان اور رہائش پشاور بتائی ،دیگر ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق زارے خان مبینہ طور پر آٹھ سے دس بڑی ڈکیتیاں کرنے کے بعد دوسرے صوبے میں فرار ہو جاتا تھا۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے 19 کروڑ کی ڈکیتی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔