پولیس مقابلہ، دو ملزم بھائی ہلاک،مال مسروقہ ،اسلحہ برآمد
ہلاک ہونیوالے حسیب اور توحید بھٹی مظفر گڑھ کے رہائشی تھے ،لاشیں ہسپتال منتقل دونوں کا والد بھی سنگین وارداتوں میں مطلوب اور روپوش ہے ،مزید کارروائی جاری
مظفرگڑھ (اے پی پی)ضلع رحیم یار خان کے سرکل خان پور میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ملزم بھائی ہلاک ہو گئے جن کی شناخت حسیب بھٹی اور چھوٹے بھائی توحید بھٹی المعروف کھوکھر کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی سے بتایا جاتا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم حسیب بھٹی المعروف کھوکھر ماضی میں ضلع مظفرگڑھ کے مختلف تھانوں میں تفتیشی افسروں کا رائٹربھی رہ چکا ہے ۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ان ملزموں کا والد بھی انتہائی سنگین جرائم بشمول چوری و ڈکیتی ،قتل اور اقدامِ قتل ،اغواء اور زناجیسے مقدمات میں پولیس کو مطلوب اور اس وقت روپوش ہے ۔مقابلے کے بعد موقع سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد ہونے کی اطلاعات ہیں،پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر کے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔