گجر پورہ :کباڑ کے گودام میں آتشزدگی،3کمسن بچے جھلس کر جاں بحق
چائنہ سکیم میں آگ نے وہاں کھیلتے تینوں بچوں علیزہ،علی اورفضہ کو لپیٹ میں لے لیا، وزیراعلیٰ کا اظہار افسوس گلشن راوی میں بھی بند روڈ پر ورکشاپ میں آگ بھڑک اٹھی، 8بسیں جل کر تباہ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
لاہور(کرائم رپورٹر،اپنے کامرس رپورٹر سے ،دنیا نیوز ،نیوز ایجنسیاں)گجرپورہ کے علاقے چائنہ سکیم میں کباڑ کے گودام میں آگ لگنے سے 3کمسن بہن بھائی جھلس کر جاں بحق ہو گئے ۔دوسری طرف گلشن راوی کے علاقہ شبلی ٹاؤن بند روڈ پربھی بسوں کی ورکشاپ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے 8 بسیں جل کر تباہ، قریبی گھروں کو نقصان پہنچا ۔تفصیلات کے مطابق گجرپورہ کے علاقے چائنہ سکیم میں اڈہ نمبر 63 کے قریب پلاٹ میں قائم ردی اور کباڑ کے گودام میں گزشتہ روز اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے گودام کو لپیٹ میں لے لیا ،آگ نے وہاں کھیلتے مقامی رہائشی طارق کے 3بچوں 6 سالہ بیٹی علیزہ ، 4 سالہ بیٹا علی احمد اور2 سالہ بیٹی فضہ کو بھی زد میں لے لیا جس کے نتیجہ میں تینوں بہن بھائی جھلس کر دم توڑ گئے ۔آتشزدگی کے باعث ملحقہ گھروں کے مکین بھی خوفزدہ ہو گئے اور گھروں سے باہر نکل آئے ،اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کے لئے امدادی کارروائیاں شروع کردیں،لاشیں مردہ خانہ منتقل کر دی گئیں ،بچوں کی ناگہانی موت پر علاقے میں سوگواری کی فضاء چھا گئی ،آخری اطلاعات تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آتشزدگی سے 2بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیا ہے ،
انہوں نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔دوسری طرف گلشن راوی کے علاقہ شبلی ٹاؤن بند روڈ پر بسوں کی ورکشاپ میں بھی اچانک بھڑکنے والی آگ نے وہاں رپئیرنگ اور مینٹیننس کیلئے کھڑی بسوں کو لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجہ میں 8 بسیں جل گئیں، دو بسوں کو بروقت ورکشاپ سے نکال لیا گیا، شدید آگ سے قریبی گھروں میں بھی اشیا جل کر راکھ ہو گئیں ،تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق ورکشاپ میں ویلڈنگ کا کام کیا جارہا تھا اور اس دوران بس کے فوم میں آگ لگ گئی جس سے پوری ورکشاپ زد میں آگئی،اطلاع پر ریسکیو اور فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر 2 گھنٹے کی محنت سے آگ پر قابو پالیا اور اسے مزید پھیلنے سے روک لیا ، آگ کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں ۔