پی ایس ایل پلے آف میچز،تماشائیوں کوسٹیڈیم آنے کی اجازت
وزیراعظم نے ایندھن کم استعمال کرکے کفایت شعاری کی شرط پراجازت دی تماشائیوں سے گزارش ہے پبلک ٹرانسپورٹ پر سٹیڈیم آئیں :چیئرمین پی سی بی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ کے پلے آف میچز میں تماشائیوں کو سٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی۔ وزیرداخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وزیراعظم سے ملاقات کےبعد مداحوں کو خوشخبری سنائی۔
انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے اور مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے پی ایس ایل کے تینوں پلے آف میچز میں بھی عوام کی شرکت کیلئے ان کی منظوری حاصل کر لی ہے ۔محسن نقوی نے لکھا کہ تماشائیوں کے سٹیڈیم آنے کے حوالے سے ایک شرط کفایت شعاری رکھی گئی ہے ، تماشائیوں سے گزارش ہے وہ پبلک ٹرانسپورٹ پر آئیں یا ایندھن کو کم سے کم استعمال کریں۔وزیرداخلہ نے پی ایس ایل پلے آف میں حصہ لینے والی چاروں ٹیموں کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور لکھا کہ اب پلے آف کے مقابلے مزید دلچسپ ہوں گے ۔