ای وی چارجنگ اسٹیشنز کیلئے این او سی کے اجرا میں تاخیر
پٹرولیم ڈیلرز شدید مشکلات سے دوچار ، ادارہ جاتی رکاوٹیں دور کرنیکا مطالبہ
کراچی (بزنس رپورٹر)وزیراعظم کی جانب سے الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ انفرااسٹرکچر کے فروغ کی ہدایت کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے این او سی کے اجرا میں تاخیر نے پٹرولیم ڈیلرز کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا۔آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عملی اقدامات کی بجائے بیوروکریٹک رکاوٹیں قومی پالیسی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں ۔ڈیلرز کے مطابق کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کیلئے درخواستیں جمع کرانے کے باوجود واپڈا اور کے الیکٹرک کی جانب سے این او سی جاری نہیں کی جا رہی جس کے باعث سرمایہ کاری کے منصوبے تعطل کا شکار ہیں۔مزید برآں ڈیلرز نے اس امر پر بھی تحفظات کا اظہار کیا کہ ای وی چارجنگ اسٹیشنز کو سولر سسٹم کے ساتھ منسلک کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔ ڈیلرز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ادارہ جاتی رکاوٹیں دور کی جائیں، این او سی کے حصول کے عمل کو آسان اور تیز بنایا جائے اور واضح پالیسی فریم ورک کے تحت ای وی چارجنگ انفرااسٹرکچر کی تیزی سے ترقی کو یقینی بنایا جائے ۔