ٹرمپ کے قتل کی کوشش ،عدالت میں ملزم پر فرد جرم عائد

ٹرمپ کے قتل کی کوشش ،عدالت میں ملزم پر فرد جرم عائد

جرم ثابت ہونے پر عمر قید ،ملزم نے اپنے دفاع میں کوئی درخواست پیش نہیں کی نفرت انگیز سیاسی بیانیے وجہ بنے :وائٹ ہاؤس ،ٹرمپ خود سخت زبان استعمال کرتے :مخالفین اعلیٰ ترین عہدے سے لے کر نچلے درجے تک ترتیب وار نشانہ بنایا جائے گا :ملزم کا پیغام پہلے سمجھا کوئی ٹرے گری ہے ،بعد میں محسوس ہوا کہ گولیاں چل رہی ہیں :صدر ڈونلڈ ٹرمپ

 واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں ) ہفتے کو میڈیا سے منسلک ایک بڑے عشائیے کے دوران فائرنگ کے الزام میں گرفتار شخص کو پیر کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں اس پر صدر کو قتل کرنے کی کوشش پر فرد جرم عائد کی گئی ، جبکہ اسلحے سے متعلق دو الزامات عائد کیے گئے ۔31 سالہ کول ایلن پر الزام ہے کہ اس نے واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کورسپانڈنٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ عشائیے کے موقع پر صدر ٹرمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں اسے عمر قید تک کی سزا ہو سکتی ہے ۔عدالتی سماعت کے دوران ملزم نے دفاع میں کوئی درخواست پیش نہیں کی اور اسے آئندہ پیشی تک حراست میں رکھنے کا حکم دیا گیا۔

پراسیکیوٹرز کے مطابق ملزم کے پاس ایک شاٹ گن، ایک نیم خودکار پستول اور تین چاقو موجود تھے جب اس نے واشنگٹن کے ایک ہوٹل میں سکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی، جہاں یہ تقریب منعقد ہو رہی تھی ۔انتظامیہ کے مطابق یہ گزشتہ دو برسوں میں صدر ٹرمپ پر حملے کی تیسری کوشش ہے ۔وائٹ ہاؤس نے اس واقعے کے بعد بعض سیاسی حلقوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نفرت انگیز سیاسی بیانیے نے ایسے حملوں کو ہوا دی ہے ، تاہم ناقدین کے مطابق صدر ٹرمپ خود بھی سیاسی مخالفین اور اداروں کے خلاف سخت زبان استعمال کرتے رہے ہیں۔نیویارک پوسٹ کے مطابق ملزم کول ایلن نے حملے سے کچھ دیر پہلے اپنے خاندان کو ایک پیغام بھیجا تھا، جس میں اس نے لکھا کہ اس کے اہداف کو اعلیٰ ترین عہدے سے لے کر نچلے درجے تک ترتیب وار نشانہ بنایا جائے گا۔جس مقام پر یہ تقریب جاری تھی وہاں صدر ٹرمپ، خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس، متعدد وزرا، اعلیٰ قانون ساز اور سینکڑوں مہمان موجود تھے ۔صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ہنگامی طور پر منعقدہ رات گئے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ابتدا میں انہیں یہ آواز ایک ٹرے گرنے جیسی محسوس ہوئی، لیکن بعد میں احساس ہوا کہ یہ فائرنگ کی آوازیں تھیں۔

 

 

 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں