سپر لیگ پلے آف مرحلے کا آج آغاز زلمی اور یونائیٹڈ مدمقابل

سپر لیگ پلے آف مرحلے کا آج آغاز زلمی اور یونائیٹڈ مدمقابل

ملتان سلطانز آخری لیگ میچ میں شکست کے بعد اب کل قذافی سٹیڈیم میں ایلیمنیٹر ون میں حیدرآباد کنگز مین کا مقابلہ کریں گے دوسرا ایلیمنیٹر یکم جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 3 مئی کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا، بیٹنگ میں مینڈس،بالنگ میں سفیان مقیم سر فہرست

لاہور (سپورٹس ڈیسک)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 اپنے اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، ملتان سلطانز اور حیدرآباد کنگز مین نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے ۔ترجمان پی سی بی کیمطابق آج نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کوالیفائر میچ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ کے لیے نیشنل بینک سٹیڈیم کے ہر انکلوژر کی ٹکٹ کی قیمت صرف 500 روپے ہوگی۔

کراچی میں فزیکل ٹکٹس نیشنل بینک اسٹیڈیم کے بالمقابل چائنہ گراؤنڈ میں موجود ٹی سی ایس باکس آفس سے خریدی جا سکتی ہیں۔ملتان سلطانز جو آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں چار وکٹوں سے شکست کے باعث کوالیفائر کھیلنے کا موقع گنوا بیٹھے ، اب کل قذافی سٹیڈیم لاہور میں ایلیمنیٹر ون میں حیدرآباد کنگز مین کا مقابلہ کریں گے ۔

دوسرا ایلیمنیٹر یکم مئی کو جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا، جہاں پہلی بار شائقین کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور 2020 کی فاتح کراچی کنگز دونوں نے 10، 10 پوائنٹس حاصل کیے ، جو حیدرآباد کنگز مین کے برابر تھے ، تاہم کم نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر وہ ٹاپ فور میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ۔بیٹنگ کے شعبے میں پشاور زلمی کے کوشل مینڈس اور بابر اعظم بالترتیب 500 اور 485 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ بالنگ میں سفیان مقیم 19 وکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی 16 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔گزشتہ روز حیدرآباد کنگز مین اور ملتان سلطانز لاہور روانہ ہوئے جبکہ پشاور زلمی 26 اپریل کو کراچی پہنچ چکی تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں