تاجروں وصنعتکاروں نے شرح سود میں اضافہ مستردکردیا

تاجروں وصنعتکاروں نے شرح سود میں اضافہ مستردکردیا

قرضوں کی لاگت میں اضافہ سرمایہ کاری کو مزید کم کریگا،عبدالرحمان فدا

کراچی(بزنس ڈیسک)تاجر وصنعتکاربرادری نے شرح سود میں اضافے کو مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری نے اسٹیٹ بینک کے پالیسی ریٹ میں 100 بنیادی پوائنٹس کا اضافہ کرکے اسے 11.5 فیصد کرنے کے حالیہ فیصلے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کاروباری حلقوں کو معاشی بحالی کو سپورٹ کرنے کیلئے شرح سود میں سنگل ڈیجٹ کمی کی توقع تھی، ایسے میں یہ اضافہ غیر متوقع ہے ۔صدر عبدالرحمان فد ا نے اس فیصلے کو صنعتی ترقی کے لیے تباہ کن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صنعت زیادہ ان پٹ لاگت، بلند توانائی کے مقامی مانگ میں کمی جیسے مسائل سے دوچار ہے ،قرضوں کی لاگت میں اضافہ ریلیف دینے کے بجائے سرمایہ کاری کو مزید کم کرے گا اور پہلے ہی محدود ورکنگ کیپیٹل سائیکلز کو مزید سخت کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی اصل وجوہات سپلائی سائیڈ رکاوٹیں، زرِمبادلہ کی شرح میں اتار چڑھاؤ اور حکومت کی طرف سے مقرر کردہ قیمتوں میں ردوبدل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں