آئینی عدالت فل کورٹ کاجلد فیصلوں، بیک لاگ ختم کرنے پر زور

آئینی عدالت فل کورٹ کاجلد  فیصلوں، بیک لاگ ختم کرنے پر زور

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس امین الدین سربراہی میں وفاقی آئینی عدالت کے ججز کا فل کورٹ اجلاس ہوا، آئینی عدالت کے ججز اور رجسٹرار حفیظ اللہ خان نے شرکت کی، فل کورٹ نے مقدمات کے جلد فیصلے اور بیک لاگ ختم کرنے پر زور دیا، فل کورٹ نے بینچز کو مؤثر کیس مینجمنٹ اپنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں عدالتی کارکردگی، انتظامی امور اور نظامِ انصاف مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں عدالتی کارکردگی بہتر بنانے اور اہم فیصلوں پر غور کیا گیا۔ بی ایس 8 تا 16 عملے کی تربیت کو سراہا گیا، اجلاس میں آئی ٹی، نظم و ضبط اور اخلاقیات پر خصوصی توجہ پر زور دیا گیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ بروقت انصاف کی فراہمی نہ صرف عدالتی ذمہ داری بلکہ آئینی تقاضا بھی ہے ، مقدمات کے جلد فیصلے اور زیر التوا کیسز کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔

چیف جسٹس نے اس امر پر زور دیا کہ تمام بینچز مؤثر کیس مینجمنٹ یقینی بنائیں تاکہ مقدمات کے بوجھ میں کمی لائی جا سکے اور عوام کا عدالتی نظام پر اعتماد مزید مستحکم ہو۔ چیف جسٹس نے ادارہ جاتی استعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور بی ایس 8 تا 16 کے عملے کے لیے جاری تربیتی پروگرامز کو سراہا۔ چیف جسٹس جسٹس امین الدین خان نے شفافیت، پیشہ ورانہ مہارت اور آئینی اصولوں کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا وفاقی آئینی عدالت قانون کی حکمرانی کے فروغ اور مؤثر انصاف کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں