وفاقی آئینی عدالت : پاسپورٹ معطل اور کنٹرول لسٹ کے حکومتی اختیارات بحال ، اپیل سماعت کیلئے منظور

 وفاقی آئینی عدالت : پاسپورٹ معطل اور کنٹرول لسٹ کے حکومتی اختیارات بحال ، اپیل سماعت کیلئے منظور

تین رکنی بینچ نے پاسپورٹ و امیگریشن رولز کی کالعدم قرار دی گئی دفعات بحال کرتے ہوئے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا کیا یہ وہی کیس جس میں شہری غیرقانونی بیرون ملک جانے کی کوشش کرتے :جسٹس حسن اظہر، فریقین کونوٹس جاری،سماعت ملتوی

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)وفاقی آئینی عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن رولز کی کالعدم قرار دی گئی دفعات بحال کر دیں جس سے حکومت کو شہریوں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے اور پاسپورٹ غیرفعال کرنے کا اختیار دوبارہ حاصل ہو گیا۔جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے حکومتی اپیل  باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لی۔ بینچ میں جسٹس سید ارشد حسین اور جسٹس روزی خان بھی شامل تھے ۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر کے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ کیا یہ وہی کیس ہے جس میں شہری غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ فرحان علی غیر قانونی طور پر ایران گیا جہاں سے اسے ڈی پورٹ کیا گیا۔غیرقانونی اقدام پر اس کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا۔ عدالت نے سوال اٹھایا کہ آیا مذکورہ شخص خود بیرون ملک گیا یا لوگوں سے پیسے لے کر اُنہیں اٹلی بھجوانے میں ملوث تھا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا اس حوالے سے ایف آئی اے سے مکمل معلومات حاصل نہیں کی گئیں۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن رولز کے رول 3 اور 10 کو کالعدم قرار دیا تھا، تاہم اب آئینی عدالت نے اس فیصلے کو معطل کر دیا ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں