قیمتی پتھروں کی برآمدات بڑھانے کا فیصلہ ، وزیراعظم کا حکمت عملی تیار کرنے کا حکم
پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے ،مقامی وسائل کو بروئے کار لا کر برآمدات بڑھاسکتے ہیں :شہبازشریف جولائی میں پہلی قیمتی پتھروں کی عالمی نمائش ہوگی:بریفنگ ،ایس این جی پی ایل کے خلاف شکایت کی تحقیقا ت کا حکم
اسلام آباد (نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتی پتھروں کی برآمد ات بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے حکمت عملی تیارکرنے اور تین سنٹرز آف ایکسیلینس کے قیام کا حکم بھی دیاہے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان قدرتی وسائل خصوصاً قیمتی پتھروں سے مالا مال ملک ہے اور اس شعبے میں مقامی وسائل کو بروئے کار لا کر برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔ وزیراعظم آفس میں قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پراسیسنگ کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنانے اور برآمدات بڑھانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سنٹرز آف ایکسیلینس کے قیام میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے وزارت منصوبہ بندی کو ہدایت کی کہ قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کے بعد برآمدات میں اضافے کے لیے جامع لائحہ عمل جلد مرتب کر کے پیش کیا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت قیمتی پتھروں کی کٹائی، تراش خراش اور زیورات سازی کیلئے تین سنٹرز آف ایکسیلینس قائم کر رہی ہے ۔ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ان مراکز کیلئے اراضی کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ اسلام آباد میں بھی اس حوالے سے کام جاری ہے ۔مزید بتایا گیا کہ ان مراکز میں قیمتی پتھروں کی جدید اور بین الاقوامی معیار کی پراسیسنگ کے لیے تربیت فراہم کی جائے گی، جبکہ جولائی 2026 میں پاکستان میں قیمتی پتھروں کی پہلی بین الاقوامی نمائش بھی منعقد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سری لنکا اور چین کے تعاون سے افرادی قوت کی تربیت کے اقدامات جاری ہیں۔اجلاس کو وزارت پٹرولیم کی جانب سے کم سے کم ضیاع کے ساتھ کان کنی کے جدید طریقوں اور مقامی آبادی کو شامل کر کے اشتراکی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ایک ہزار افراد کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کان کنی کی تربیت دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم کو منصوبوں کی پیش رفت اور تکمیل کے شیڈول پر بھی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں متعلقہ وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔دریں اثنا شہباز شریف نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے خلاف پیپرا قواعد کی خلاف ورزی کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کوایس این جی پی ایل کی جانب سے ٹینڈرز میں پیپرا قوانین کی خلاف ورزی کی شکایت کی تحقیقات کی ہدایت کردی۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے ارسال کی گئی شکایت پر شفاف تحقیقات کی جائیں،تحقیقات میں اگر شکایت کی تصدیق ہو تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔