پاکستان اورچین میں 3مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط

 پاکستان اورچین میں 3مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط

چین زرعی ٹیکنالوجی میں تعاون ،چائے کی صنعت کی ترقی میں معاونت فراہم کریگا چانگشا میں ایم او یوز پر دستخطوں کی تقریب ،صدر آصف علی زرداری کی شرکت

چانگشا (اے پی پی،اے این پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور چین کے درمیان سمندری پانی کو قابل استعمال بنانے ،زرعی ٹیکنالوجی اور چائے کے شعبہ میں تعاون کی  تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے جس میں صدر آصف علی زرداری نے خصوصی طور پر شرکت کی، ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق چین کے صوبے ہونان کے شہر چانگشا میں ایم او یوز پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سمندری پانی قابل استعمال بنانے ، زرعی ٹیکنالوجی اور چائے کے شعبے میں تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے ،پہلی مفاہمتی یادداشت محکمہ بلدیات سندھ اور اوشیئن انوائرمنٹل ٹیکنالوجی گروپ کے درمیان طے پائی جس کے تحت کراچی کو پانی کی فراہمی میں اضافے کے لئے سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے منصوبے پر تعاون کیاجائے گا،سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور لوشیئن انوائرمنٹل ٹیکنالوجی گروپ کی پارٹی برانچ کے سیکرٹری اور چیئرمین یوہوئی نے دستخط کئے۔

،دوسرا سمجھوتہ محکمہ بلدیات سندھ اور لانگ پن ہائی ٹیک انفارمیشن کمپنی کے درمیان زرعی ٹیکنالوجی میں تعاون کیلئے طے پایا،سمجھوتے پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور چینی کمپنی کی جانب سے چیئرمین چن ژی شین نے دستخط کئے ، تیسری مفاہمتی یادداشت چائے کے شعبے سے متعلق ہے جو مسکے اینڈ فیمٹی ٹریڈنگ کمپنی، ہونان ٹی گروپ اور جیالونگ انٹرنیشنل ٹیکنالوجی (ہینان) کے درمیان طے پائی، پاکستان کی جانب سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ایم او یو پردستخط کئے ، ہونان ٹی گروپ کے پارٹی سیکرٹری و چیئرمین ژو چونگ وانگ اور ہینان جیالونگ انٹرنیشنل ٹریڈٹیکنالوجی کے چیئرمین ہاؤ جیاولونگ نے دستخط کئے ، سمجھوتے کا مقصد صنعت کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے ، چائے کی صنعت کی ترقی میں معاونت اور اقتصادی، تجارتی و عوامی روابط کو بھی مضبوط بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ منصوبہ جات قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ علی حسن بروہی اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے ۔

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں