پنجاب سے کالعدم تنظیموں کے 21 دہشت گردگرفتار
لاہور (اے پی پی)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)پنجاب نے مختلف کارروائیوں میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
لاہور سے فتنہ الخوارج کا خطرناک دہشت گرد پیر شمس اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے بی ایل اے کا عبداللطیف دھماکہ خیز مواد سمیت پکڑا گیا۔ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس پر مبنی 214 کارروائیاں کی گئیں اور215 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کرنے کے د وران 21 دہشت گردوں مصباح ،سمیع اﷲ،گلاب خان،طور خان، زرین شاہ،عبداللطیف،خیال محمد،محمد نبیل،پیر شمس ،انعام اﷲ،عظیم اﷲ اور خان بادشاہ وغیرہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ وبارودبھی برآمد کیاگیا، فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے گرفتار دہشت گردوں کا تعلق لاہور ،خوشاب،گوجرانوالہ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،فیصل آباد، ملتان،بہاولپور،پاکپتن،جھنگ،میانوالی سے ہے ۔برآمد دھماکہ خیز موادمیں 6330 گرام، ڈیٹونیٹر17 سیفٹی فیوز وائر39 فٹ، آئی ای ڈی بم 1،کالعدم تنظیم کے پمفلٹ،میگزین پرائمہ کارڈ،موبائل فون اور نقدی شامل ہے ۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد مختلف مقامات پر دہشت گردی کر کے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے ،20 مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے 5040 کومبنگ آپریشنز بھی کئے گئے اور 587 مشتبہ افراد کو گرفتار ،555 ایف آئی آر درج کی گئیں اور542 بازیابیاں کی گئیں۔