نارنگ منڈی میں نامعلوم ڈرون گر گیا، 5 کلو ہیروئن برآمد
نامعلوم افراد ڈرون کے ذریعے منشیات سمگل کر رہے تھے :پولیس حکام
شیخوپورہ ،نارنگ منڈی(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ دنیا)سرحدی علاقہ نارنگ منڈی میں نامعلوم ڈرون گر گیا، 5 کلو ہیروئن برآمد کر لی گئی ۔بتایا گیا ہے کہ نارنگ منڈی محلہ مسلم پارک کی ایک گلی میں گزشتہ شب اچانک سیاہ رنگ کا ڈرون گر گیا جس کے ساتھ پیلے رنگ کے پیکٹ بندھے ہوئے تھے ،اہل علاقہ کی اطلاع پر پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے موقع پر پہنچ کر علاقہ کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ڈرون کے ساتھ بندھے پیکٹس میں کروڑوں روپے مالیتی 5کلو ہیروئن تھی جسے قبضہ میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔نارنگ منڈی پولیس کے مطابق ڈرون کے ذریعے منشیات سمگل کی جا رہی تھی جو کسی نامعلوم وجہ سے گلی میں گر گیا ،ملوث ملزموں کا سراغ لگانے کیلئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے ۔