لاہور ،خانیوال میں ٹریفک حادثات، 5 افراد جاں بحق ، 8 زخمی

لاہور ،خانیوال میں ٹریفک حادثات، 5 افراد جاں بحق ، 8 زخمی

ڈیڑھ سالہ دعا فاطمہ لاہور برج کے قریب ستھرا پنجاب کے ٹرک کی ٹکر سے چل بسی رمضان کوٹ لکھپت اورموٹر سائیکل سوار شاہ حسین گڑھی شاہو پل پرزندگی ہارگیا

 لاہور،خانیوال(کرائم رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)لاہور اورخانیوال میں ٹریفک حادثات میں 5افراد جاں بحق ،8 زخمی ہوگئے ۔کوٹ لکھپت میں لاہور برج کے قریب ستھرا پنجاب کے ٹرک کی ٹکر سے ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہو گئے ۔بچی کی شناخت ڈیڑھ سالہ دعا فاطمہ کے نام سے ہوئی۔ زخمیوں میں 40 سالہ عظمیٰ، 35 سالہ دلاور، 29 سالہ فضیلت، 15 سالہ نور فاطمہ، 13 سالہ انس، 9 سالہ میرب اور 4 سالہ عبداللہ شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو ہسپتال اور لاش کومردہ خانے منتقل کر دیاگیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری پر پیش آیا، مشتعل افراد نے ٹرک ڈرائیور قاسم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ،تاہم موقع پر موجود ٹریفک وارڈنز نے بروقت کارروائی کرکے ڈرائیور کو ہجوم سے نکال کر کوٹ لکھپت پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔

گڑھی شاہو چوک سے کوآپریٹو سٹور چوک جانے والے پل پر موٹر سائیکل سوار اوور سپیڈنگ سے جاں بحق ہو گیا۔تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر پل کے درمیان ڈیوائیڈر سے ٹکرا ئی جس سے موٹر سائیکل سوار شالامار ٹاؤن کارہائشی 22 سالہ شاہ حسین موقع پر ہی دم توڑ گیا۔کوٹ لکھپت کے علاقے میں موٹر سائیکل اور رکشہ میں تصادم کے نتیجے میں 13 سالہ رمضان ولد عبداللہ جاں بحق ہوگیا۔خانیوال میں موٹروے ایم 4 شام کوٹ انٹرچینج کے قریب تیز رفتار کار نے پیدل شخص کو ٹکر ماردی جس سے کار الٹ گئی، پیدل چلنے والا 26 سالہ فہیم اور کارسوار 48 سالہ صفیہ دونوں جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ حادثے کا شکار کار لاہور سے کراچی جا رہی تھی ،لاشوں اور زخمی کو ریسکیو اہلکاروں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں