کاہنہ : وارداتیں کرنیوالے 2 پولیس اہلکار گرفتار، تیسرا فرار
کانسٹیبل علی حسن،کبیر علی اور سجاد ناکہ لگا کر لوٹ مار کر رہے تھے رشوت کا الزام ثابت ہونے پردونوں اہلکار پکڑے :ترجمان ڈی آئی جی
لاہور (کرائم رپورٹر)کاہنہ میں وارداتیں کرنیوالے 2 پولیس اہلکار وں کو گرفتار کر لیا گیا، تیسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا،شہریوں کی متعدد شکایات پر چوکی ہلوکی پولیس نے دورانِ واردات 2 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق خیابان امین میں گزشتہ 4 روز کے دوران متعدد شہریوں نے لوٹ مار کی شکایات درج کروائیں جس پر چوکی ہلوکی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ناکہ لگا کر لوٹ مار کرنیوالے 2پولیس اہلکاروں کانسٹیبل علی حسن اور کانسٹیبل کبیر علی کو گرفتار کر لیاجبکہ ایک اہلکارسجاد موقع سے فرار ہو گیا۔
کانسٹیبل علی حسن تھانہ سندر جبکہ کبیر علی تھانہ گارڈن ٹاؤن میں تعینات تھا ، فرار اہلکار کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دوسری طرف ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق کھلی کچہری میں شہری احتشام کی تھانہ کاہنہ کے 3 پولیس اہلکاروں کے خلاف رشوت ستانی کی درخواست پر انکوائری کا حکم دیا گیاتھا اور انکوائری میں متعلقہ اہلکار کبیر اور علی حسن قصوروار ثابت ہوئے ، جس پر دونوں کے خلاف تھانہ کاہنہ میں مقدمہ درج کرکے انہیں چوکی ہلوکی پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ ان کے تیسرے ساتھی کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments