کا لا شاہ کا کو : 3 پولیس اہلکاروں کو شہید کرنیوالے ملزم باپ بیٹا مبینہ مقابلے میں ہلاک
ملزم فیاض بٹ ، بیٹا ریحان بٹ فرار ہو رہے تھے ، پولیس کے تعاقب پر حسین ٹاؤن کے ایک گھر میں گھس گئے فائرنگ کے تبادلہ میں دونوں مارے گئے ، ساتھی فرار،ملزموں سے رابطہ پر2اہلکار گرفتار، شہدا کی نماز جنازہ ادا
لاہور، کالا شاہ کاکو(کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نامہ نگار)شیخوپورہ کے علاقہ کالا شاہ کاکو میں مبینہ پولیس مقابلے میں لاہور میں 3پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے کے مبینہ ملزمان باپ بیٹا ہلاک جبکہ انکا تیسرا ساتھی فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق لاہور کے علاقہ بادامی باغ میں کالعدم دہشت گرد تنظیم سے تعلق رکھنے والے ریحان بٹ وغیرہ 3ملزموں نے ایک روز قبل فائرنگ کرکے سب انسپکٹر عدیل عاشق اور ہیڈ کانسٹیبل اسد کو شہید کیا، بعدازاں نواں کوٹ میں اہلکار حارث سلیم کو شہید اور 3 اہلکاروں کو زخمی کرنے کے بعد ایک سرکاری گاڑی چھینی اور فرار ہوگئے ، جس کے بعد سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن سمیت مختلف پولیس ٹیموں نے ان کا تعاقب شروع کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ شیخوپورہ کے علاقے کالا شاہ کاکومیں راوی ریان کے قریب آبادی حسین ٹاؤن میں ملزمان فیاض بٹ ، اس کا بیٹاریحان بٹ ساتھی کے ہمراہ گاڑی چھوڑ کر ایک گھر میں داخل ہو گئے اور اہلخانہ کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا ،اس دوران پولیس نے گھیراؤ کیا تو ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کردی، دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں مبینہ ملزم ریحان بٹ اور اس کا باپ فیاض بٹ موقع پر مارے گئے جبکہ ان کا ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا ، فرارملزم کی شناخت 32سالہ طارق کے نام سے ہوئی ہے جو آزادکشمیر ضلع باغ کا رہائشی بتایا گیا ہے ، وہ گزشتہ کچھ عرصہ سے ریحان بٹ کے گھر رہائش پذیر تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ طارق کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق ملزموں سے رابطے کے شبہ میں 2 پولیس اہلکاروں اے ایس آئی جمشید اور کانسٹیبل غلام فرید کو حراست میں لے لیا گیا ہے ،اے ایس آئی اور ریحان بٹ کی سوشل میڈیا پر اکٹھی تصاویر موجود ہیں،دونوں زیرحراست اہلکاروں سے تفتیش جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق مبینہ حملہ آورریحان نے اپنے بھائی فیضان بٹ کی ہلاکت کا بدلہ لینے کیلئے پولیس اہلکاروں کو شہید کیا ، دہشتگردی کے مقدمات میں ملوث مبینہ شوٹر فیضان 2024 میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا تھااوراس کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ادھر شہید سب انسپکٹر سمیت تینوں اہلکاروں کی گزشتہ روز نماز جنازہ پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں ادا کردی گئی ، جس میں صوبائی وزیر خزانہ، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، کور کمانڈر لاہور، ڈی جی رینجرز اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی جبکہ شہدا کے جسد خاکی پر پھول بھی چڑھائے گئے ۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ نمازِ جنازہ کے بعد تینوں شہید اہلکاروں کی میتوں کو مکمل پولیس پروٹوکول کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں تدفین کیلئے روانہ کر دیا گیا، جہاں انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments