ڈیرہ غازی خان:ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق

 ڈیرہ غازی خان:ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق

سیر سے واپسی پر 2 تیز رفتار موٹرسائیکلوں میں تصادم ، ایک وین سے جا ٹکرائی 17سالہ اشفاق، 18سالہ جہانگیر اور 32سالہ شاہد جاں بحق،4زخمی ہسپتال منتقل

ڈیرہ غازی خان (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ٹریفک حادثہ ،ایک ہی خاندان کے 3افراد جاں بحق ،4زخمی ہو گئے ، بین الصوبائی شاہراہ ڈیرہ غازی خان، کوئٹہ روڈ پر سخی سرور ٹول پلازہ کے قریب گرڈ سٹیشن کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے بعد ایک موٹر سائیکل قلابازیاں کھاتے ہوئے سامنے سے آنے والی ویگن سے جا ٹکرائی، خوفناک ٹریفک حادثے میں فورٹ منرو سے سیر و تفریح کرکے واپس آنے والے ایک ہی خاندان کے 3 سیاح موقع پر جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے طبی امداد کے لیے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا۔

ریسکیو ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احمد کمال کے مطابق جاں بحق افراد میں 17 سالہ اشفاق، 18 سالہ جہانگیر اور 32 سالہ شاہد شامل ہیں، جن کا تعلق راجن پور کے علاقے داجل سے بتایا گیا ہے ۔ زخمیوں میں شاہ زیب، ذیشان، محمد اسماعیل اور محمد اکبر شامل ہیں، جن کا تعلق داجل اور موسیٰ خیل سے بتایا گیا ہے ،اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ جاں بحق افراد کی میتیں بھی ضروری قانونی کارروائی کے لیے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردی گئیں، جہاں شناخت اور قانونی کارروائی کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کی جا رہی ہیں،ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فورٹ منرو میں سیر و تفریح کے لیے گئے تھے اور واپسی پر سخی سرور کے قریب حادثے کا شکار ہوگئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...