غفلت،رشوت کیس پرگیپکو کینٹ ڈویژن سیالکوٹ کاایکسین لاہور سے گرفتار
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ایف آئی اے سیالکوٹ سرکل نے انسانی غفلت اوررشوت ستانی کے سنگین مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے گیپکو کینٹ ڈویژن سیالکوٹ کے ایگزیکٹو انجینئر (ایکسین)عبدالقیوم کو لاہور سے گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم ضمانت خارج ہونے پرروپوش ہو گیا تھا۔مقدمے کے مطابق کلوکوال تحصیل سمبڑیال کے رہائشی الیاس نے ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ کو تحریری درخواست دی تھی، جس میں گیپکو ہیڈ مرالہ سب ڈویڑن کے اہلکاروں ، ایس ڈی او عبدالمتین ناصر، لائن مینز شوکت اور ملک شفیق اور لائن سپرنٹنڈنٹ ملک مسعود ناصر پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے دیوا ٹاؤن کو بجلی کی غیر قانونی فراہمی کے لیے 11 ہزار وولٹ کی انتہائی خطرناک ہائی ٹینشن تاریں بغیر کسی حفاظتی انتظام کے شکایت کنندہ کے گھر کی چھت سے گزار دیں۔ 7 مارچ 2025 کو شکایت کنندہ کا ساڑھے سات سالہ بیٹا عثمان گھر کی چھت پر گیا، جہاں ہائی ٹینشن تاروں کے قریب جانے سے شدید دھماکے سے زخمی ہوگیا۔ اسے فوری سی ایم ایچ کھاریاں منتقل کیا گیا، جہاں دوران ِعلاج بچے کے دونوں بازو کاٹنے پڑے ۔انکوائری مکمل ہونے پر ڈائریکٹر ایف آئی اے زون گوجرانوالہ کی ہدایت پر ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments