پولیس مقابلے : زیادتی کا ملزم ہلاک، دو ریکارڈ یافتہ ملزم گرفتار
اشفاق عرف پھاکی کو برآمدگی کیلئے لیجایاجارہاتھا،ساتھیوں کی چھڑانے کی کوشش فائرنگ کے دوران اشفاق عرف پھاکی اپنے ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر) گوجرانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران سات سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں گرفتار ملزم ہلاک جبکہ دو ریکارڈ یافتہ ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے ۔تھانہ کینٹ کے علاقے میں سات سالہ بچی کو سکول میں مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں گرفتار ملزم اشفاق عرف پھاکی کو جسمانی ریمانڈ کے دوران برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں دو نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی اور زیرحراست ملزم کو چھڑوانے کی کوشش کی۔ فائرنگ کے دوران ملزم اشفاق عرف پھاکی اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا جبکہ دونوں حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے ۔دوسری جانب تھانہ کوٹ لدھا پولیس نے منشیات فروشی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم زوار حسین کو پولیس کارروائی کے دوران فرار ہونے کی کوشش پر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے منشیات بھی برآمد ہوئی ہے ۔ادھر تھانہ دھلے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے راہزنی، چوری اور پولیس مقابلوں سمیت ایک درجن سے زائد سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم رمضان کو پولیس کارروائی کے دوران فرار ہونے کی کوشش پر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments