فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، بھارت کا ایک اور فالس فلیگ آپریشن بے نقاب : ڈی جی آئی ایس پی آر مبینہ بھارتی مقابلے میں مارے گئے آصف کو سامنے لے آئے
سب یاد رکھیں کہ ریاست ہے تو سیاست ہے ، ریاست ہے تو جمہوریت ہے ،بھارت کوئی ڈرامہ کرنا چاہتا ہے تو کرکے دیکھ لے ، اس بار ہمارا جواب بڑا دردناک ہوگا شدت پسندی کیخلاف جنگ کو سیاسی مصلحت کی نذر نہیں کیا جا سکتا،صوبوں سے بات کرنا وفاقی حکومت کا کام،مکہ اتحاد کیلئے عزم غیر متزلزل:لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ ڈرامہ بے نقاب کردیا، بھارت نے ریٹائرڈ حوالدارمحمد آصف کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ، جوزندہ نکلا ، ڈی جی آئی ایس پی آر نے انہیں میڈیا کے سامنے پیش کردیا اور کہا بھارت کوئی ڈرامہ کرنا چاہتا ہے تو کرکے دیکھ لے ، اس بار ہمارا جواب بڑا دردناک ہوگا، انہوں نے مزید کہا فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،سب یاد رکھیں کہ ریاست ہے تو سیاست ہے ، ریاست ہے تو جمہوریت ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایک اور فالز فلیگ آپریشن سٹیج کیا گیا ہے، 29 ستمبر کی رات کو بھارتی کور نے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا کہ ایک دہشت گرد مارا گیا ہے ، لشکر طیبہ کے دہشت گرد کی لاش بھی مل گئی ہے ، دہشت گرد کا نام محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ بتایا جا رہا ہے۔ دعوے میں یہ بھی کہا گیا کہ ہلاک دہشت گرد موسیٰ عرف آصف فوجی اور ایس ایس جی کا حوالدار ہے ، سپرمین آصف نے مختلف علاقوں میں حملے کیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے سپرمین محمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا پاک فوج کے سپاہی، جن سے متعلق بھارت پروپیگنڈا کرتا رہا، یہاں موجود ہیں۔ یہ ہے وہ شخص جو بھارتی دعوے کے مطابق ہاشم موسیٰ عرف آصف فوجی ہے ۔ اس شخص کو بھارت نے لشکر طیبہ کا کمانڈر، دہشت گرد اور ایس ایس جی حوالدار بنا کر شہید کردیا۔بھارتی حکام نے اس جعلی کارروائی کو ’’آپریشن شیرانوالی‘‘ کی بڑی کامیابی کے طور پر پیش کیا ہے ،بھارتی نیوز ایجنسی نے سروس نمبر کے ساتھ تفصیلات کا دعویٰ کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد آصف نے بتایا کہ میں 2023 سے میں ایس ایس جی سے بطور حوالدار ریٹائر ہوا ہوں۔ میں ایک سکیورٹی کمپنی میں کام کرتا ہوں اور راولپنڈی میں رہتا ہوں۔بھارت نے میرے ملک پر غلط الزام لگایا ہے ۔ میں زندہ ہوں، آپ کے سامنے ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ میں ڈسٹرکٹ اٹک پنڈی گھیب کا رہنے والا ہوں۔ کل مجھے دوستوں کے فون آئے کہ مجھے بھارتی فورسز نے ماردیا ہے ۔ مجھے حیرت ہوئی کہ میں اپنے گھر میں ہوں تو مجھے کیسے بھارتی آرمی نے شہید کردیا۔ شہادت کی من گھڑت خبر کے بعد مجھے فون کالز موصول ہونا شروع ہو گئیں۔حوالدار آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کے بے بنیاد اور من گھڑت الزام کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ وطن کی خاطر بہادری سے لڑا ہوں اور آئندہ بھی وطن کی خدمت کے لیے حاضر ہوں۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت کے اس فالس فلیگ ڈرامے کی 6 وجوہات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں بھارت دنیا میں دہشت گردی پھیلانے والا سب سے بڑا ملک ہے ۔ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کیلئے دہشت گرد تنظیموں کو سپانسر کرتا ہے ، بھارت کی مکتی باہنی، ٹی ٹی پی کو فنڈنگ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، بھارت کی مکتی باہنی، ٹی ٹی پی کو فنڈنگ سب کے سامنے ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ نریندر مودی سمیت تمام انتہا پسند ہندو حکام ریاستی سطح پر کی جانے والی دہشت گردی کو فخریہ بیان کرتے ہیں، بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی پھیلانے کا مرکز بن چکا ہے ۔انہوں نے کہا ہمیں سمجھنا ہوگا کہ مقبوضہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر دنیا میں سب سے بڑی جیل ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ سے زائد بھارتی فوج اور دیگر اداروں کے اہلکار موجود ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو ایک گاؤں سے دوسرے گاؤں جانے کے لیے اجازت لینی پڑتی ہے ۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارت سمجھتا ہے کہ ہر مسئلے کو دہشت گردی سے حل کیا جا سکتا ہے ۔ بھارت اپنی دہشت گردی کو چھپانے کے لیے دوسروں پر الزام لگاتا ہے ۔ بھارت ایسے ڈراموں سے اپنی دہشت گردی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کشمیری عوام خود دنیا کے سامنے لارہے ہیں، بھارت دہائیوں سے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے فالس فلیگ آپریشنز کررہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج کا ہندوستان اب انکاؤنٹرستان بن چکا ہے ، ہمارا سوال ہے کہ ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف سے متعلق بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کیوں کیا؟، افغان طالبان رجیم کی دہشت گردی بھی بھارت کا پاکستان مخالف ایک اور چہرہ ہے ، ہمارا ہمسایہ ایک گھٹیا اور کم ظرف ملک ہے ۔انہوں نے بھارت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر اس نے کوئی فالس فلیگ ڈراما رچانے یا مہم جوئی کی کوشش کی، تو اس کا ایسا دردناک اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا جسے ان کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ گودی میڈیا کا ایجنڈا صرف اور صرف اپنے انتہا پسند ہندو آقا کو خوش کرنا ہے ، بدقسمتی سے ہمارا ایک ایسا ہمسایہ ہے جو اپنے سیاسی عزائم کیلئے صرف جھوٹ بیچتا ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا ہمسایہ زندہ محمد آصف کو دہشت گرد قرار دے کر مارنے کا دعویٰ کرتا ہے ، دشمن کے ہر اقدام کیلئے مکمل تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی گھناؤنی شکل سب کو نظر آگئی ہے ، بھارت دنیا کو امن کی آشا کے گیت سناتا تھا، خود دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر عملدرآمد کیلئے مکمل پرعزم ہے ، حرمین شریفین کا دفاع اور مملکت سعودی عرب کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے تیار ہیں۔مکہ اتحاد کے تحت دفاعی اور آپریشنل تعاون سے متعلق معاملات خفیہ نوعیت کے ہوتے ہیں اور انہیں میڈیا میں زیرِ بحث نہیں لایا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، افواج پاکستان آئین کے تابع اور ریاست کے احکامات کی پابند ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر کا دعویٰ کرنے والا بھارت تو خود کو بھی سکیورٹی نہیں دے سکتا، افغان طالبان رجیم نے دہشت گردوں کی سہولت کاری اور فنڈنگ کا آپشن خود منتخب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان دنیا بھر کی دہشت گرد تنظیموں کا مسکن بن چکا ہے ، بھارت خیالی شائننگ انڈیا میں رہ رہا ہے ، یہ کیسا ملک ہے جو اپنا جنگی جہاز تباہ کرانے والے پائلٹ کو ایوارڈ دیتا ہے ۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ افواج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے ، مسلح افواج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، ریاست ہے تو سیاست ہے ، ریاست ہے تو آپ اور میں ہے ۔انہوں نے کہا شدت پسندی کی وجہ سے پاکستان کے وجود کو خطرہ ہے اور سکیورٹی فورسز، انٹیلی جنس ادارے اور پولیس روزانہ کی بنیاد پر اس خطرے کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔ جب شدت پسندی کے خطرے کے بارے میں واضح شواہد موجود ہوں اور اس کے باوجود بعض حلقے اس معاملے پر مؤثر ردعمل نہ دیں تو سوالات جنم لیتے ہیں۔ایسے طرزِ عمل کے بارے میں یہ سوال اٹھ سکتا ہے کہ آیا یہ نااہلی ہے ، صورتحال کی درست سمجھ کا فقدان ہے ، بے حسی ہے یا پھر دانستہ تعاون۔
شدت پسندی کے خلاف جنگ کو کسی سیاسی مصلحت یا سیاسی مفاد کی نذر نہیں کیا جا سکتا۔نیشنل ایکشن پلان سیاسی قیادت نے تشکیل دیا تھا اور تمام متعلقہ فریقوں کو اس پر عمل کرنا چاہیے ۔صوبوں سے بات چیت کرنا وفاقی حکومت کا کام ہے ۔تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور ہم سیاست سے متعلق کسی سوال کا جواب نہیں دیں گے ،سیاست سیاسی جماعتوں کا کام ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغانستان میں حالیہ داخلی انتشار سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، بھارت ایک گھٹیا دشمن ہے ، پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ہر ایڈوینچر سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کلبھوشن یادیو بھارتی فوج کیلئے ہمیشہ کلنک کا ٹیکہ بنا رہے گا، ملکی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کیسا ملک ہے ، ابھی نندن کو ایوارڈ دیا گیا کہ آپ نے اپنا جہاز گرا دیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایک ایسا ہمسایہ ہے جو سمجھتا ہے کہ ہر چیز کو جھوٹ سے سلجھایا جا سکتا ہے ۔ بھارت کچھ کرنا چاہتا ہے تو آجائے ہمارا ردعمل بہت سخت ہوگا۔ یہ بدقسمتی ہے کہ ہمارا پالا گھٹیا دشمن سے پڑا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments