بچیوں سے زیادتی، بھتہ خوری کے 2 ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
وزیر آباد میں ملزم کو حراست سے چھڑانے کیلئے پو لیس پر حملہ ،ساتھیوں کی فائرنگ سے جنید موقع پر مارا گیا شاہدرہ ٹائون میں شاہ زیب ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنا ، نوشہرہ اور اروپ میں 2 ملزم زخمی حالت میں گرفتار
گوجرانوالہ،وزیرآباد،لاہور (نیوز رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر،آن لائن )مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران کمسن بچیوں سے زیادتی اور بھتہ خوری میں ملوث 2 ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ تھانہ سوہدرہ کی حدود میں 6 سالہ بچی سے زیادتی کے مقدمہ میں گرفتار ملزم جنید کو پوٹینسی ٹیسٹ کے بعد واپس لایا جا رہا تھا کہ اس کے 2 نامعلوم ساتھیوں نے حراست سے چھڑانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کر دی، ملزم حراست سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ اپنے ہی ساتھیوں کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا، ملزم سے ناجائز اسلحہ برآمد ہوا جبکہ ساتھی فرار ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم عادی مجرم تھا جو 2020 اور 2022 میں بھی 5 اور 6 سالہ 3 بچیوں کو ہوس کا نشانہ بنانے کے مقدمات میں جیل جا چکا تھا۔ نوشہرہ ورکاں میں ناکے پر اقدامِ قتل اور منشیات فروشی میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملزم شہباز عرف تنویر نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے پولیس نے تعاقب کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر کے منشیات برآمد کر لیں۔ تھانہ اروپ کی حدود میں موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں مطلوب ملزم حمزہ پولیس ناکے پر فرار کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں پکڑا گیا۔
ملزم کے قبضہ سے چوری شدہ موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا۔ لاہور میں شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہوائی فائرنگ اور بھتہ خوری کے مقدمے میں نامزد ملزم شاہ زیب ہلاک ہو گیا۔پولیس کے مطابق ملزم شاہ زیب جسمانی ریمانڈ پر تھا اور پولیس ٹیم موبائل فون برآمدگی کیلئے لے کر جا رہی تھی کہ مبینہ ساتھیوں نے چھڑانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم شاہ زیب ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر مارا گیا جبکہ فائرنگ سے پولیس اہلکار فاروق بھی زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments