وزیر خزانہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس، نیسپاک کی ری سٹرکچرنگ کی منظوری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی اداروں کیلئے اہم اجلاس ہوا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق کابینہ کمیٹی کے اہم اجلاس میں نیسپاک کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ری سٹرکچرنگ کی منظوری دے دی گئی، پہلے مرحلے میں نیسپاک کی ری سٹرکچرنگ اور پھر نجکاری کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاسکو کو سٹریٹجک اثاثہ کے طور پر ریاستی ملکیتی ادارہ کی حیثیت جبکہ وزارت اوورسیز پاکستانی کے مختلف اداروں کو سٹریٹجک اداروں کے طور پر رکھا جائے گا، او پی ایف، او ای سی، ای او بی آئی کو بھی سٹریٹجک اداروں کے طور رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزارت پٹرولیم کے مختلف اداروں کی سمری پر وزیر خزانہ کی جانب سے عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا، اس کے علاوہ سینڈک منرلز، پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کی ری سٹرکچرنگ اور نجکاری کی سمری مؤخر کر دی گئی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں