اسلام آباد پر چڑھائی سے سٹاک مارکیٹ گرتی ہے: وفاقی وزیر احسن اقبال
کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی ہوتی ہے تو سٹاک مارکیٹ گرتی ہے، ان کے خلاف آپریشن سے مارکیٹ اس کا جشن مناتی ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور گھنٹہ بجا کر سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز کیا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مدعو کرنے پر شکر گزار ہوں، سٹاک مارکیٹ ایک لاکھ پوائنٹس کی تاریخی بلند ترین سطح عبور کر گئی ہے، تاریخی بلندی سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہاں بہت پوٹینشل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی منسٹری ملنا بڑا چیلنج ہے، بیرون ملک سے تعلیم حاصل کر کے ملکی ترقی کا خواب بنایا، 2013 میں جب موقع ملا تو پاکستان کو دنیا کو بڑی معیشت بنایا، کراچی سے دہشت گردی اور ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 2022ء تک ایک بھی معاشی زون تیار نہیں تھا، یورپی اور دیگر ملک پوچھتے رہے سی پیک میں کیسے سرمایہ کاری کا حصہ بنیں، اپریل 2022ء میں ہم نے ملک سنبھالا تو پاکستان کے ڈیفالٹ کی شرطیں لگ رہی تھیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ سیاست بچائیں یا ریاست بچائیں، سری لنکا کا ڈیفالٹ اور پاکستان کا ڈیفالٹ دو الگ چیزیں تھیں، پاکستان ایٹمی ملک ہے سری لنکا نہیں، ایک ایٹمی ملک کا ڈیفالٹ ہونا بہت خطرناک ثابت ہوسکتا تھا، اس وقت کی قیادت میں بارہ جماعتیں شامل تھیں ان جماعتوں کی فراست پر سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک کو بچانے کیلئے سخت فیصلے کئے اور ملک کو بچایا۔