پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں: چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے۔
کوالالمپور آمد پر مقامی کاروباری برادری کی جانب سے سید یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، دورانِ ملاقات پاکستان–ملائیشیا تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت 1.5 ارب ڈالر سالانہ ہے، تجارت بڑھانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع موجود ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان افرادی قوت اور سازگار ماحول سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ہے،سیاحت، انفراسٹرکچر، کان کنی، زرعی کاروبار اور حلال انڈسٹری میں وسیع مواقع ہیں،پام آئل سمیت تجارتی شعبوں میں تعاون پر ملائیشیا کے کردار کو سراہتے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے فروغ میں SIFC کا کردار انتہائی اہم ہے، پاکستان اور ملائیشیا کے مابین سرمایہ کاری اور تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔