Roznama Dunya: دریائے سندھ میں گڈو سکھر کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب

دریائے سندھ میں گڈو سکھر کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب

facebook sharing button Share
twitter sharing button Tweet
whatsapp sharing button Share
sharethis sharing button Share

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فیڈرل فلڈ کمیشن (ایف ایف سی) نے کہا ہے کہ اس وقت دریائے سندھ میں گڈو سکھر کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ تربیلا، کالاباغ، چشمہ تونسہ ریچ میں نچلے درجے، دریائے کابل اور ورسک میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

ایف ایف سی کی رپورٹ کے مطابق انڈس ریور سسٹم کے دیگر تمام بڑے دریا یعنی دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔

ملک کے بڑے آبی ذخائر (تربیلا، منگلا اور چشمہ) میں پانی کی سطح 10.573 ملین ایکڑ فٹ ہے جبکہ پانی مجموعی پانی ذخیرہ کرنے کی استعداد 13.354 ملین ایکڑ فٹ ہے جبکہ اس وقت کل ذخیرہ کے 79.17 فیصد ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن (ایف ایف ڈی) لاہور کے مطابق شمال مغربی ایران کے اوپر کل کی مضبوط مغربی لہر کی گرت ایران کے شمالی حصوں پر واقع ہے اور گزشتہ روز شمال مشرقی راجستھان (انڈیا) کے اوپر ہوا کا بالائی سائیکلونک سرکولیشن قدرے مغرب کی طرف بڑھ گیا، تاہم شمال مشرقی علاقوں پر اس کا غلبہ جاری ہے۔

راجستھان (بھارت)، بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے پاکستان کے بیشتر علاقوں میں ہلکی سے اعتدال پسند نمی کی لہریں 5000 فٹ تک داخل ہو رہی ہیں، شمالی بلوچستان میں موسمی نچلی سطح ہے۔

ایف ایف ڈی لاہور نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تمام بڑے دریاؤں کے بالائی علاقوں میں درمیانی شدت کی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

اسلام آباد، پنجاب میں راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن، خیبرپختونخوا میں پشاور، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان ڈویژن اور بلوچستان میں ژوب، سبی، نصیر آباد اور قلات ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں