قومی اسمبلی اجلاس میں مولانا فضل الرحمان اتفاق رائے بڑھائیں گے: عطا تارڑ
اسلام آباد :(دنیا نیوز ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں مولانا فضل الرحمان اتفاق رائے بڑھائیں گے۔
اسلام آباد میں پارٹی رہنما حنیف عباسی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاتارڑ نے کہا کہ یہ جمہوریت کا حسن ہے جس میں تمام جماعتیں مشاورت کرتی ہیں، پی ٹی آئی وفد نے بانی پی ٹی آئی سے بھی ملاقات کرلی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 7بجے طلب کیا گیا ہے، بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے ملاقات کی ، پوری قوم کو امید ہے مولانا اتفاق رائے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے، سیاسی مشاورت کا عمل جاری ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں طلبہ احتجاج کے دوران ایک سکیورٹی گارڈ کی جان بھی گئی ہے، اس ڈی ایس پی کو سلام پیش کریں جو مظاہرین کو کہہ رہا تھا میں آپ کے ساتھ ہوں۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایک منظم مہم چلائی گئی، احتجاج میں کون کون پی ٹی آئی رہنما شامل تھے سب ٹریس ہوچکے ہیں، جنہوں نے اس احتجاج میں حصہ ملایا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ونگز جس اکاؤنٹ سے آرمی چیف کے خلاف ٹوئٹ کرتے ہیں اسی سے زیک گولڈ سمتھ کے خلاف بھی کردیں۔
حنیف عباسی
رہنما مسلم لیگ ن حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بڑی منصوبہ سازی کے ساتھ پاکستان پر حملہ کیا جارہاہے،اتفاق رائے کیلئے جو کچھ ہو رہا ہے وہ ملک کیلئے بہتر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انتشار کی سیاست کو پنپنے نہیں دیں گے، پاکستان کے اداروں کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے، بانی پی ٹی آئی کہیں گے آئینی ترمیم کو میں نہیں مانتا۔
رہنما مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسرائیل کے خلاف کبھی بات تک نہیں کی، پی ٹی آئی نے فلسطین کے لیے منعقد کی گئی اے پی سی میں شرکت تک نہ کی۔