رواں مالی سال غیرملکی قرض میں 38 فیصد کمی ریکارڈ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے فارن اکنامک اسسٹنس رپورٹ جاری کر دی گئی جس کے مطابق گزشتہ مالی سال کی نسبت رواں سال غیر ملکی قرض میں 38 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی سے نومبر کے دوران محض 2 ارب 66 کروڑ ڈالر غیرملکی قرض ملا، جولائی سے نومبر کے دوران 19 ارب 39 کروڑ ڈالر غیرملکی قرض کا تخمینہ تھا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 4 ارب 28 کروڑ ڈالر قرض لیا گیا تھا۔
رواں مالی سال جولائی سے نومبر تک 3 ارب 57 کروڑ ڈالر کی مجموعی بیرونی فنڈنگ موصول ہوئی، فنڈنگ میں آئی ایم ایف قرض پروگرام کی ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے جولائی سے نومبر تک پاکستان کو 76 کروڑ 78 لاکھ ڈالر فراہم کئے، نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں 73 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔
اقتصای امور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق عالمی بینک نے جولائی سے نومبر تک 30 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا قرضہ دیا، باہمی معاہدوں کے تحت چین نے 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر، فرانس 8 کروڑ 90 لاکھ ڈالر فنڈز دیئے۔
رپورٹ کے مطابق ملٹی لیٹرل اداروں سے ایک ارب 46 کروڑ ڈالر، دوطرفہ معاہدوں سے 26 کروڑ ڈالر قرض ملا۔