قطرکا شام پر عائد کی گئی پابندیاں فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر نے شام پر عائد کی گئی پابندیاں فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے میڈیا بریفنگ کے دوران عالمی برادری اور طاقتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام کے خلاف عائد کردہ پابندیوں کو فوری طور پر ختم کر دیں جو خانہ جنگی کے باعث مختلف ملکوں نے شام پر عائد کی تھیں۔

ترجمان قطری وزارت خارجہ نے کہا ہمارا مطالبہ ہے کہ شام پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کے خاتمے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں اور یہ پابندیاں جلد ختم کی جائیں۔

ماجد الانصاری نے کہا قطر کی پوزیشن بہت واضح ہے اور سمجھتا ہے کہ یہ بہت ضروری ہے کہ شام کے خلاف عائد کی گئی پابندیاں فوری طور پر اٹھائی جائیں اور پچھلی رجیم کے زمانے کی پابندیاں جاری رکھنے کا جواز نہیں۔

واضح رہے کہ قطر کی طرف سے یہ مطالبہ اعلیٰ سطح وفد کے دورہ شام کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے، قطر نے اتوار کے روز سے شام کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کا بھی اعلان کیا تھا اور سفارتخانہ کھول دیا تھا۔

یاد رہے دوحہ 2011 کے بعد سے اپوزیشن کی بشار حکومت کے خلاف کوششوں کا حامی رہا ہے، قطر نے شام کو پچھلے سال عرب لیگ کی ممبرشپ دوبارہ ملنے کے باوجود اس کے ساتھ تعلقات کو بحال نہیں کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں