مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے 5 اہلکار ہلاک، 5 شدید زخمی
سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی گاڑی گہری کھائی میں گر کر تباہ ہوگئی جس میں بیٹھے 5 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک پیش آیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہیں کوئیک ریسپانس فورس اور مقامی پولیس اہلکار ریسکیو آپریشن کے لئے پہنچ گئے۔
ریسکیو آپریشن کے دوران کھائی سے 5 فوجیوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ دیگر 5 اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا، دو اہلکاروں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی 11- مراٹھا لائٹ انفنٹری کے اہلکاروں کو نیلم میں واقع ہیڈ کوارٹرز سے لے کر بالنوئی گوہرہ پوسٹ جا رہی تھی، بھارتی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گاڑی ایک موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر 300 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فوج کے ترجمان نے اس واقعہ میں دہشت گردی کے عنصر کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد کردیا تاہم واقعہ کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔