طاقت سے قومی مفادات، انفراسٹرکچر اور عوامی املاک کا تحفظ کریں گے: ایرانی فوج
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی فوج نے ملک میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے تناظر میں قومی مفادات کے دفاع کے عزم کا اظہار کردیا۔
ایک بیان میں ایرانی فوج نے اسرائیل پر امن و امان اور ملک میں عوامی سلامتی کو خراب کرنے کا ذمہ دار قرار دیا، دشمن کے ہاتھ12 روزہ جنگ میں اس قوم کے بچوں کے خون سے رنگے ہیں، وہ ایک بار پھر فتنے اور فساد کو ہوا دینے کے درپے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ فوج سپریم کمانڈر اِن چیف کی قیادت میں دیگر مسلح افواج کے ساتھ مل کر خطے میں دشمن کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور فوج طاقت کے ساتھ قومی مفادات، سٹریٹجک انفراسٹرکچر اور عوامی املاک کا تحفظ کرے گی۔
ایران کی آئینی کونسل کے ترجمان ہادی طہان نظیف نے کہا ہے کہ معاشی مسائل پر ہونے والے پُرامن احتجاج کو بیرونی مداخلت کے ذریعے تشدد میں تبدیل کیا گیا، حالیہ پرتشدد واقعات میں سکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پسِ پردہ ہاتھ وہی ہیں جن کے ہاتھ جون 2025 کی 12 روزہ جنگ میں ایک ہزار سے زائد ایرانیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اور انہی عناصر نے عوامی احتجاج کو بدامنی میں تبدیل کرنے کی کوشش کی۔
یاد رہے کہ ایران میں مہنگائی کے خلاف پُرتشدد مظاہرے 13 ویں روز بھی جاری ہیں جہاں اب تک پُرتشدد واقعات میں 15 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 65 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔