یوکرین کے دارالحکومت کیف میں روسی میزائل اور ڈرون حملہ، 9 افراد ہلاک
کیف، ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین کے دارالحکومت کیف میں شب روسی میزائل اور ڈرون حملے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وسطی اور مشرقی کیف میں عالمی میڈیا کے صحافیوں نے 12 سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنیں اور رہائشیوں کو پناہ گاہوں کے طور پر استعمال ہونے والے میٹرو سٹیشنز کی جانب تیزی سے جاتے ہوئے دیکھا۔
کیف کے میئر نے ٹیلی گرام پر کہا کہ کیف پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے بمباری کی جا رہی ہے اور پورے شہر میں دھماکوں کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔
روس نے فروری 2022 میں اپنے حملے کے آغاز کے بعد سے یوکرین کے شہروں بشمول کیف پر اپنے میزائل اور ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ حملہ یوکرین کی فضائیہ کی جانب سے دارالحکومت کے قریب آنے والے بیلسٹک میزائلوں کے بارے میں جاری کردہ انتباہ کے بعد ہوا۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہونے کے بعد ڈبلن کا اپنا دورہ یہ کہتے ہوئے مختصر کر دیا کہ روس ان کے ملک پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ میں اپنے لوگوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ انتہائی احتیاط برتیں، اپنے بچوں اور اپنے اہلخانہ کی حفاظت کریں اور بنکروں میں پناہ لیں، روسی یوکرین کے خلاف اس بڑے حملے کی تیاری طویل عرصے سے کر رہے ہیں۔