پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر، چند مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ کے بعض مقامات اور چند ندی نالوں میں نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کی صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، کالا باغ پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 40 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ کے مقام پر 2 لاکھ 90 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق نارووال میں نالہ ڈیگ کنگرا، نالہ بسنتر اور شکر گڑھ کے بئین میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ نالہ ڈیگ کنگرا میں پانی کا بہاؤ 13 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر پی ڈی ایم اے نے پیش گوئی کی ہے کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، بالائی کیچمنٹ ایریاز میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے خبردار کیا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

انہوں نے دریاؤں کے کناروں اور پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں متاثرین کو رہائش، خوراک، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں گی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں، جبکہ بچوں کو ہرگز پانی میں نہانے نہ دیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...