پشاور پولیس لائنز دھماکے کیلئے پولیس حوالدار دہشتگردوں کا ساتھی کیسے بنا؟ کہانی سامنے آگئی
پشاور: (شہزادہ فہد) پشاور پولیس لائنز دھماکے کے مرکزی ملزم پولیس حوالدار کے دہشتگردوں کا ساتھی بننے کے پیچھے کی کہانی سامنے آگئی۔
پشاور پولیس لائنز خودکش حملے میں گرفتار ملزم پولیس حوالدار عبدالولی نے دوران تفتیش اہم راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے تفتیشی ٹیم کو بتایا کہ وہ شوشل میڈیا پر کالعدم تنظیم کی پوسٹوں سے متاثر ہوا۔
ملزم پولیس کانسٹیبل نے تفتیشی ٹیم کو بیان میں کہا کہ فیسبک مسینجر کے ذریعے کالعدم تنظیم سے رابطہ کیا، رابطے کے بعد انہیں افغانستان وزٹ کی دعوت ملی۔
تفتیشی ٹیم ذرائع کے مطابق ملزم پولیس اہلکار نے افغانستان وزٹ کر کے طالبان کمانڈروں سے ملاقاتیں کیں، شدت پسند کمانڈروں سے ملاقات کے بعد ملزم نے پشاور میں پادری ولیم کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا۔
ملزم نے دوران تفتیش کہا کہ افغانستان میں ملاقات کے دوران انہیں پولیس لائنز دھماکے کا ٹاسک ملا، دھماکے سے تین دن قبل گرفتار ملزم نے خودکش حملہ آور کو تمام راستے دکھائے۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق ملزم اہلکار نے دھماکے کے دن چھٹی لی اور پھر اپنا تبادلہ بی آر ٹی کروایا، گرفتار ملزم نے دوران تفتیش اس حرکت پر سخت شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے معافی طلب کی ہے۔