ماہرہ خان کو برطانوی پارلیمنٹ نے ایوارڈ سے نواز دیا

لندن: (حسیب ارسلان) برطانوی پارلیمنٹ نے پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کی ثقافتی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایوارڈ سے نواز دیا۔

ماہرہ خان نے انسٹا گرام سٹوری میں برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے ایوارڈ دیئے جانے کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اس پر فخر کا اظہار بھی کیا۔

برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے سپر سٹار اداکارہ کو ان کی عالمی سینما میں خدمات اور ثقافتی سفیر کے طور پر اہم کردار ادا کرنے کی وجہ سے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ماہرہ خان کو ایوارڈ دینے کی تقریب برطانیہ کے ایوان زیریں (ہاؤس آف کامنز) کے چیمبر میں منعقد ہوئی، تقریب کی میزبانی پاکستانی نژاد برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے کی جبکہ تقریب میں مختلف پارٹیوں کے ارکان نے شرکت کی۔

ماہرہ خان کو ایوارڈ سے نوازے جانے کی تقریب میں پاکستانی ہائی کمشنر کی اہلیہ ڈاکٹر سارہ نعیم، لیبر ایشیئن سوسائٹی کے چیئرمین عطا حق، وزیر تجارت و سرمایہ کاری شفیق شہزاد، لیبر ایشیئن سوسائٹی کے کو چیئر منیش تیواری اور سامارا ایونٹس یو کے کی سی ای او ماریہ سرویا سمیت اہم شخصیات اور کمیونٹی رہنما نے شرکت کی۔۔

اداکارہ نے ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا اور اپنی خدمات کے اعتراف کو اپنے لیے باعث فخر قرار دیا۔

ماہرہ خان نے بطور اداکارہ پیش آنے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ کس طرح انہوں نے صنفی تفریق کا سامنا بھی کیا لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنا مقام بنا کر دکھایا۔

ماہرہ خان نے بعد ازاں ایوارڈ ملنے کے بعد متعدد ارکان پارلیمنٹ، سیاست دانوں، سماجی کارکنان اور صحافیوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

ماہرہ خان کو برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ ایوارڈ سے نوازے جانے پر شوبز شخصیات نے بھی اداکارہ کو مبارک باد پیش کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں