محسن نقوی کی اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف 8 ایکسچینج چوک انٹرچینج اور سرینہ چوک انٹرچینج منصوبوں کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، وزیرداخلہ نے دونوں میگا پراجیکٹس پر کام کی پیشرفت کا معائنہ کیا، انڈر پاسز اور فلائی اوورز کی تعمیر کے کاموں کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایف ایٹ میں تعمیر ہونے والا انڈرپاس 24 دسمبر کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا جبکہ سرینہ چوک انٹرچینج کا جنوری میں افتتاح کیا جائیگا جو صرف 60 دن میں مکمل ہوگا۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو بروقت دور کیا جائے، مقررہ مدت میں دونوں منصوبوں کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرنا ہے تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو جلد سے جلد ٹریفک کے مسائل سے چھٹکارا مل سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ منصوبوں کی تعمیر کے دوران درختوں کی ہر ممکن حفاظت کو یقینی بنایا جائے، دونوں منصوبوں کے مختلف سیکشنز پر ہمہ وقت کام جاری رکھا جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں