کرم کے معاملے پر رواں ہفتے اہم پیشرفت متوقع ہے: بیرسٹر سیف

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم کے معاملے پر رواں ہفتے اہم پیشرفت متوقع ہے۔

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کرم کے معاملے پر دو دن کے وقفے کے بعد جرگہ دوبارہ شروع ہوگا، دونوں فریقین اور کرم کے عوام امن دشمن عناصر کی سازشوں سے خبردار رہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر امن دشمن عناصر کے پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں، راستے کھولنے کے حوالے سے جلد خوشخبری ملے گی، ادویات پہنچانے اور وہاں سے مریضوں کو نکالنے کیلئے وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر وقف ہے، ہیلی کاپٹر کے ذریعے 180 سے زائد افراد پہنچائے گئے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ خواتین، بچوں، مریضوں اور بیرون ملک سفر کرنے والوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت دی جا رہی ہے، مزید پروازوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1700 مکمل طور پر فعال ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں