کانگو حکومت کیخلاف بغاوت پر 3 امریکیوں سمیت 37 افراد کو سزائے موت
کنشاسا: (ویب ڈیسک) کانگو حکومت کیخلاف بغاوت پر 3 امریکیوں سمیت 37 افراد کو سزائے موت سنا دی گئی۔
افریقی ملک عوامی جمہوری کانگو کی فوجی عدالت نے رواں برس مئی میں ملک میں حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے کی گئی ناکام بغاوت پر تمام افراد کو سزائے موت سنائی۔
خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رواں برس 19 مئی کو کانگو کے دارالحکومت کنشاسا میں ایوان صدر پر مسلح افراد نے کچھ دیر کے لئے قبضہ کرلیا تھا، سکیورٹی فورسز نے ان کے لیڈر کانگو نژاد امریکی سیاست دان کرسٹیان مالنگا کو ہلاک کردیا تھا اور مسلح افراد کا قبضہ ختم کردیا گیا تھا۔
کانگو کی فوجی عدالت میں ناکام بغاوت کا سامنا کرنے والے افراد میں مارے گئے سیاست دان کے 20 سالہ بیٹے مارسیل مالنگا اور ہائی سکول کے لئے فٹ بال کھیلنے والے ان کے 20 سالہ دوست ٹیلر تھامسن بھی شامل تھے۔
میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تیسرے امریکی شہری بینجمن زیلمان پولون ہیں جو کرسٹیان مالنگا کے کاروبار سے منسلک تھے اور تینوں امریکی شہریوں کو مجرمانہ سازش، دہشت گردی اور دیگر جرائم کا ذمہ دار قرار دیا گیا اور سزائے موت سنا دی گئی۔