حماس کا اسرائیل پر غزہ میں انتظامی خلا پیدا کرنے کی کوشش کا الزام
غزہ: (ویب ڈیسک) حماس نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ غزہ میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ تکنیکی انتظامی کمیٹی کو اختیارات سنبھالنے سے روک کر علاقے میں انتظامی خلا پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
حماس نے غزہ میں اپنی انتظامی باڈی تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ اقدام اقتدار کی منتقلی کو آسان بنانے کے لیے کیا گیا تاکہ غزہ کی انتظامیہ کے لیے قومی کمیٹی (NCAG) کو مکمل اختیارات منتقل کیے جا سکیں، یہ کمیٹی جنوری میں تشکیل دی گئی تھی، تاہم حماس کے مطابق اسرائیل نے اسے غزہ میں داخل ہونے سے روک رکھا ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ تحریک غزہ جنگ بندی معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہے، جب تک کہ انتظامی اختیارات مکمل طور پر قومی کمیٹی کے حوالے نہیں کر دیے جاتے۔
حماس نے مزید الزام لگایا کہ اسرائیل امریکہ کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد میں رکاوٹ ڈال رہا ہے اور غزہ میں انتظامی خلا پیدا کر کے فلسطینی عوام کی مشکلات میں اضافہ اور معمول کی زندگی کی بحالی کی کوششوں کو ناکام بنانا چاہتا ہے۔
حماس نے بین الاقوامی ثالثوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ اختیارات کی منتقلی میں رکاوٹیں ڈالنے کا عمل بند کیا جا سکے۔