ٹرمپ کا طالبان رہنما ملا برادر کو فون, قیدیوں کا مسئلہ حل کرنیکی یقین دہانی
بات کرکے خوشی ہوئی،پومپیو اشرف غنی سے بات کرینگے ، انخلا سب کے مفاد میں ہے :امریکی صدر کی 35منٹ تک گفتگو
دوحہ(دنیا مانیٹرنگ)امریکی صدر ٹرمپ نے طالبان کے نائب سربراہ ملا عبدالغنی برادر کو ٹیلی فون کیا،امریکی صدر نے طالبان رہنما کو یقین دہانی کروائی کہ قیدیوں کے معاملے پر وزیر خارجہ پومپیو اشرف غنی سے بات کریں گے ۔ترجمان طالبان کے مطابق د وحہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے دونوں رہنمائوں کی 35منٹ تک گفتگو ہوئی ،اس موقع پر زلمے خلیل زاد بھی موجود تھے ،ترجمان نے اس حوالے سے تصویر بھی جاری کی ،ادھر وائٹ ہائوس کے سائو تھ لان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہاکہ میری طالبان رہنما سے اچھی گفتگو ہوئی ہے ،ہم نے تشدد کے خاتمے پر اتفاق کیا،انہوں نے کہاکہ امریکا بھی تشدد نہیں چاہتا،اب دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتاہے ،طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے کہاکہ امریکی صدر نے اس موقع پر کہا کہ مجھے آپ سے بات کرکے خوشی ہوئی،آپ لوگ اپنی سرزمین کیلئے لڑرہے ہیں،امریکا طویل عرصے تک افغانستان میں رہاہے لیکن اب انخلا ہر ایک کے مفاد میں ہے ۔ملابرادر نے کہاکہ اگر امریکا معاہدے کی پابندی کرے گا تو اس کے انتہائی مثبت اثرات ہونگے ،مستقبل میں امریکا سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔آزاد حکومت کا قیام افغانیوں کا حق ہے ،اس سے قبل دوحہ میں طالبان رہنمائوں اور خلیل زاد کے مابین معاہدے کے بعد کی صورتحال اور رکاوٹوں سے متعلق مذاکرات ہوئے ۔