ایران ، سعودیہ معاہدہ کیلئے پاکستان نے کوششیں کیں :عمران خان
تہران( نیوز ایجنسیاں )چیئرمین تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا معاہدہ اہم پیش رفت ہے ۔۔۔
چین کی ثالثی سے ہونے والا معاہدہ خطے پر نمایاں مثبت اثرات مرتب کرے گا،ایران اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ دراصل پاکستان کی جانب سے شروع کیا گیا ، صیہونی حکومت ؤنے ہمیشہ ایران کو تنہا کرنے کی کوشش کی ہے اس سے خبردار رہنا ہوگا ، امام خمینی اور عالم اسلام کا فلسطین او ر کشمیر کے حوالے سے کردار نہایت اہم رہا ہے ، اسرائیل مسلم ممالک میں انتشار کا بیج بو کر مسلم دنیا کو تقسیم کرنا چاہتا ہے ۔ ایران کی ارنا نیوز ایجنسی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے نوروز کے پرمسرت موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ دراصل پاکستان کی جانب سے شروع کیا گیا اور چین کی جانب سے خوش اسلوبی سے انجام پانے والا ایک قدم ہے ۔ انہوں نے کہا چین کی ثالثی سے ہونے والا معاہدہ خطے پر نمایاں اثر ڈالے گا تاہم خطے کو عدم استحکام اور انتشار کا شکار کرنے والوں کے کردار سے بھی خبردار رہنا ہوگا ۔صیہونی حکومت نے ہمیشہ ایران کو تنہا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ عمران خان نے یوم القدس کے ذریعے فلسطین کی کاز کو زندہ کرنے پر بانی انقلاب اسلامی امام خمینی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے عالم اسلام کا کردار انتہائی اہم رہا ہے ۔ عمران نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے غاصبوں کو عالمی طاقتوں کی مکمل حمایت حاصل ہے اور کہا کہ اسرائیل مسلم ممالک میں انتشار کا بیج بو کر مسلم دنیا کو تقسیم کرنا چاہتا ہے فلسطین کی آزادی مسلم دنیا کے لیے ایک پیچیدہ چیلنج ہے ۔پاکستان کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ ملک سخت معاشی بحران سے گزر رہا ہے پاکستان کے سیاسی بحران کا واحد حل آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہیں ۔