واجبات :سعودی عرب میں پی آئی اے جہازوں کو فیول فراہمی بند
جدہ ،کراچی ،لاہور ،اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، نیوز رپورٹر)سعودی فیول کمپنی نے جدہ اور مدینہ ایئرپورٹس پر پی آئی اے کی پروازوں کو فیول کی فراہمی روک دی جس سے جدہ اور مدینہ سے آنے والی پروازیں تین سے 4گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کی پروازوں کو فیول کی فراہمی روکی گئی ،جدہ سے ملتان،اسلام آباداورکراچی جبکہ مدینہ سے ملتان جانیوالی پروازیں تاخیرکاشکار ہوئیں، جس سے سعودیہ سے پاکستان سفر کرنے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بعدازاں ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ سوئفٹ کوڈکے ذریعے سعودی فیول کمپنی کورقم ٹرانسفر کردی، مذکورہ کمپنیوں کے اکاؤنٹ میں رقم منتقلی میں تاخیرسے فیول فراہمی بندہوئی۔ ادھر پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے )کی نجکاری میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ، وزارت نجکاری کے اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کیلئے مالیاتی خدمات کے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے ،معاہدے پرنجکاری کمیشن اور مالیاتی مشیر نے دستخط کئے ،ارنسٹ اینڈ ینگ کی سربراہی میں کنسورشیم کومالیاتی مشیر مقرر کیا گیا تھا ،نجکاری کمیشن بورڈ نے ارنسٹ اینڈ ینگ کو کامیاب بولی دہندہ قرار دیا تھا ۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود پی آئی اے کی نجکاری کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔