غزہ :اسرائیلی بربریت کے 200دن مکمل، مزید 55فلسطینی شہید

غزہ :اسرائیلی بربریت کے 200دن مکمل، مزید 55فلسطینی شہید

غزہ (دنیا نیوز،آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فورسزکی غزہ میں ظلم و بربریت کے 200 دن مکمل ہوگئے مگر صیہونی فوج کی بمباری رُکی نہ جنگ بندی مذاکرات پر کوئی پیش رفت ہوسکی۔۔۔

غزہ پرگزشتہ 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 55فلسطینی شہید ہوگئے ، صیہونی فوج نے نصیرت کیمپ اور رفح پر بمباری کی ،ادھر مسجد اقصیٰ میں دنبے کی قربانی کی کوشش پر 13 یہودیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ پر 7اکتوبر 2023سے جاری مظالم کے دوران 2930 حملے کئے اور 70 ہزار ٹن بارود استعمال کرکے غزہ کو قبرستان میں تبدیل کر دیا ، جنوبی غزہ میں 15لاکھ فلسطینیوں کی آخری پناہ گاہ کو اسرائیلی زمینی حملے کا سامنا ہے ،شہدا کی مجموعی تعداد34ہزار183ہو چکی،77ہزار143 فلسطینی زخمی ہیں، رفاہ کے علاقے میں 6لاکھ 10ہزار بچے اسرائیل کے فوجی آپریشن کے نشانے پر ہیں۔ گزشتہ روز بھی اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں ایک رہائشی عمارت پر حملہ کیا جس سے عمارت تباہ ہوگئی ، جانی نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا۔دوسری جانب غزہ کے خان یونس شہر کے نصر میڈیکل کیمپ میں دریافت اجتماعی قبر سے مزید 100سے زائد افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جس کے بعد کیمپ سے برآمد شہدا کی کل لاشوں کی تعداد 283ہوگئی، شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کے ڈرون حملے میں زخمی اسرائیلی میجر ہلاک ہوگیا۔ دوسری طرف صیہونی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں قربانی کی رسم کی ادائیگی کے لیے دنبے اور بکروں کو چھپا کر لے جانے کی کوشش پر 13 انتہا پسند یہودیوں کو گرفتار کرلیا ۔ انتہاپسند یہودیوں نے مذہبی تعطیلات کے دوران بکرے اور دنبے کی قربانی کی رسم مسجد اقصیٰ کے احاطے ٹیمپل ماؤنٹ میں ادا کرنے کی کوشش کی تھی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دنبے یا بکرے کی مسجد اقصیٰ میں ‘‘پاس اوور’’ قربانی امن و امان کی خلاف ورزی کا باعث ہے ،پولیس نے جانورو ں کو ضبط کرلیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں