غزہ:اسرائیلی بربریت، ایک ہی خاندان کے 31 افراد شہید

غزہ:اسرائیلی بربریت، ایک ہی خاندان کے 31 افراد شہید

غزہ(اے ایف پی)غزہ کے علاقے وسطی نصیرات پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں ایک ہی خاندان کے 31 افراد شہید، 20 زخمی ہوئے۔

بچوں سمیت کئی افراد ملبے تلے دب گئے ،ادھر حماس اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ میں کئی دنوں سے شدید جھڑپیں جاری ہیں۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ گزشتہ روز غزہ میں مزید دو فوجی مارے گئے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بربریت میں 153افراد شہید اور 215 زخمی ہوگئے۔صیہونی حملوں میں ابتک 35 ہزار 456 فلسطینی شہید اور 79 ہزار 476 زخمی ہوچکے۔ اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے سربراہ مارٹن گریفتھس نے کہا ہے کہ غزہ تک انسانی امداد پر روک لگانے سے انتہائی خطرناک نتائج بر آمد ہو سکتے ہیں۔ محصور علاقے میں قحط کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ رفح میں لڑائی سے 8 لاکھ شہری دوبارہ بے گھر ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں غزہ میں جنگ بندی کے حق میں نیویارک میں سینکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا۔لندن میں بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ ہوا، شرکا نے جنگ بندی تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں بھی حکومت کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔آکسفورڈ یونی ورسٹی میں طلبا نے کفن پوش احتجاج کیا،طلبا تھیٹر کے داخلی دروازے پر کفن میں ملبوس خون آلود لاشوں کی صورت میں پڑے رہے ،طلبہ کی شرٹس پر لکھا تھا تمہارے ہاتھ خون سے رنگے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی جنگی کابینہ میں شامل اتحادی رکن بینی گینٹز نے کہا ہے کہ نیتن یاہو کو غزہ جنگ سے متعلق سوالات کا 8 جون تک جواب دینا ہوگا، جواب نہ دیا گیا تو حکومت چھوڑ دیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں